اے مہربان اللہ تیرا شکر ہے، تو نے ہمیں غفلت سے بیدار اور ہوشیار کیا، تو نے دیکھنے والی آنکھیں اور سننے والے کان دیکر احسان فرمایا، اپنی ملکوت کی طرف راہنمائی کی، صاحب مستقیم کی طرف ہدایت دی، راہ راست بتائی، ہم سفینۂ نجات میں پناہ چاہتے ہیں، ہمیں مستقیم، ثابت اور راسخ فرما، امتحانات سے محفوظ رکھ، اپنے عہد و میثاق کے مضبوط قلعہ میں محفوظ و مامون رکھ، اے مہربان رب ہمیں ایسے دل عطا فرما، جو شیشہ کی طرح تیری محبت کے چراغ سے روشن ہوں، ایسی فکر عطا فرما، جو فیض روحانی سے گلشن بنا دے، تو ہی بخشندہ و مہربان ہے، اے پروردگار ہمیں اپنی عنایات کے دریا میں مستغرق فرما، تو ہی دینے والا اور مہربان ہے، اے پاک و مہربان پروردگار تو ہی تعریف و توصیف کے لائق ہے، تو نے ہمیں ایک کمزور پانی سے خلق فرمایا، اور اعلیٰ و بلند مقام عطا کیا، شجر مبارکہ سے اُگایا، فصل بہار سے پرورش فرمائی، عہد و میثاق کی ہواؤں سے حرکت دی، اے ہمارے رّبِ کریم حمد اور فضل عظیم تیرا ہی ہے، اے ہمارے مولا تیرے لطف عظیم پر تیرا شکر ہے، تو ہی رحیم، مہربان، رؤف اور کریم ہے، اے اللہ تو نے ہم بھٹکے ہوؤں کو اپنے کوچے میں جگہ دی، اور اس سرگشتوؤں کو اپنی پناہ میں سروسامان مہیا کیا، تو ہی دینے والا، بخشنے والا، پائندہ اور مہربان ہے، اے یکتا اے محبوب تیرا شکر کہ تو نے ہم آواروں کو اپنی تمام عنایات و الطاف سے مزین کیا، اور شجرہ انیسا کے گھنے سائے میں پناہ بخشی، اے اللہ تیرا شکر کہ تو نے بیگانوں کو آشنائی، بیچاروں کو اپنی پناہ کی راہ دکھائی، پیاسی جانوں کو آب حیات بخشا، تشنہ لب مچھلی کو میٹھے پانی کے دریا تک پہنچایا، تو ہی حمد کا سزاوار ہے، تو ہی کریم، رحیم اور وہاب ہے ،،، آمین ح